بجٹ میں کورونا سے متاثرہ علاقوں میں روزگارکے مواقع پیدا کیے جائیں، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے بجٹ میں کورونا وباء سے متاثرہ علاقوں میں روزگار کے مواقع بڑھانے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں غیرترقیاتی اخراجات میں کٹوتی کی جائے، جبکہ زراعت اورصنعتی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے، شعبہ صحت کی اپ گریڈیشن پرخصوصی توجہ دی جائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بجٹ مالی سال21-2020ء سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی، سینیٹر شبلی فراز، حماد اظہر، اسدعمر، حفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، ڈاکٹر عشرت حسین، زلفی بخاری، عاصم سلیم باجوہ سمیت پنجاب، خیبرپختونخوا کے وزرائےاعلیٰ اور وزرائے خزانہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مجوزہ بجٹ مالی سال21-2020ء پر بھی غور کیا گیا۔

وزرائے اعلیٰ عثمان بزدار اور محمود خان کی معاشی ٹیم کی اپنے صوبوں کے بجٹ21۔

2020ء پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں محصولات، اخراجات، اور بجٹ سے متعلق صوبائی حکومت کی ترجیحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم کو خصوصی اقتصادی زونز اور زراعت کے فروغ کیلئے بجٹ میں ترجیحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجٹ میں غیرترقیاتی اخراجات میں کٹوتی اور ترقیاتی اخراجات بڑھائے جائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا میں کورونا وائرس کی وجہ سے معیشت کیلئے غیرمعمولی حالات ہیں۔

جن شہری علاقوں میں کورونا کے برے اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ وہاں روزگار کے بھرپور مواقع پیدا کیے جائیں۔ روزگار کے مواقع پیدا کرنے والے منصوبوں کو ترجیح دی جائے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت منصوبوں پرعمل درآمد کیلئے نجی شعبے کیلئے آسانیاں کی جائیں۔ صنعتی شعبے اور زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاق کی طرز پر صوبائی حکومتیں بھی غیرضروری حکومتی اخراجات میں کمی پرتوجہ دیں۔ صوبائی حکومتیں ترقیاتی منصوبوں میں شعبہ صحت کی اپ گریڈیشن پرخصوصی توجہ دیں۔

Comments