پاکستان کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی ہے کہ آئندہ چند دنوں میں انگلینڈ کا دورہ کرنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے تین کھلاڑیوں شاداب خان، حارث روف اور حیدر علی کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا میڈیکل پینل ان تینوں کھلاڑیوں سے رابطے میں ہے اور انھیں کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر خود کو آئسولیٹ کر لیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ متاثرہ کھلاڑیوں نے راولپنڈی میں ٹیسٹ کروائے تھے اور ان تینوں میں کورونا کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔ فاسٹ بولر عثمان شنواری اور عماد وسیم کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔ ان دونوں کے ٹیسٹ بھی راولپنڈی میں ہی ہوئے تھے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے کے لیےمنتخب ہونے والے 29 میں سے 28 کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کے کورونا ٹیسٹ پیر کے روز کراچی، لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں لیے گئے جن کے نتائج منگل تک پاکستان کرکٹ بورڈ کو مکمل طور پر موصول ہو جائیں گے۔
شعیب ملک کا ٹیسٹ بعد میں لیا جائے گا۔ انھیں پاکستان کرکٹ بورڈ نے خصوصی اجازت دی ہے کہ وہ اپنی فیملی سے ملاقات کے بعد 24 جولائی کو انگلینڈ پہنچ سکیں گے۔ بولنگ کوچ وقار یونس اور فزیو کلف ڈیکن کے ٹیسٹ بھی بعد میں لیے جائیں گے۔ وقار یونس آسٹریلیا اور کلف ڈیکن جنوبی افریقہ سے براہ راست انگلینڈ پہنچ کر ٹیم میں شمولیت اختیار کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ اگر کسی کھلاڑی یا کوچنگ سٹاف کے کسی فرد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آئے گا تو اسے دو ہفتے تک اپنے گھر میں تنہائی میں رہنا ہو گا جس کے بعد اس کے دو مزید ٹیسٹ ہوں گے اور دونوں کے نتائج منفی آنے کے بعد ہی اسے انگلینڈ سفر کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے درمیان یہ طے پا چکا ہے کہ ایسے کھلاڑیوں کو جو بعد میں انگلینڈ جائیں گے انھیں وہاں داخلے کی خصوصی اجازت دی جائے گی۔ اسی طرح شعیب ملک کے معاملے میں بھی انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یہ اجازت دے دی ہے کہ وہ بعد میں انگلینڈ میں داخل ہو سکتے ہیں۔
Comments
Post a Comment